ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / چار نئے کیمیائی عناصر کے نام رکھ دیے گئے

چار نئے کیمیائی عناصر کے نام رکھ دیے گئے

Thu, 09 Jun 2016 18:24:02  SO Admin   S.O. News Service

واشنگٹن،9جون(آئی این ایس انڈیا)ان چار نئے کیمیائی عناصر کے نام تجویز کیے گئے ہیں جو جنوری میں دوری جدول (پیریاڈک ٹیبل) میں شامل کیے گئے تھے۔ان کے نام نِہونیم (nihonium)، موسکوویم (moscovium)، ٹینیسین (tennessine) اور اوگانیسن (oganesson) ہیں۔اب تک ان عناصر کو صرف ان کے ایٹمی وزن سے یاد کیا جاتا تھا، یعنی علی الترتیب 113، 115، 117 اور 118۔2011کے بعد پہلی بار دوری جدول میں عناصر شامل کیے جا رہے ہیں اور اس طرح جدول کی ساتویں قطار مکمل ہو جائے گی۔یہ نام پانچ ماہ تک مشورے کے لیے کھلے رہیں گے اس کے بعد انھیں مستقل کر دیا جائے گا۔ اس بات کا فیصلہ انٹرنیشنل یونین آف پیور اینڈ اپلائیڈ فزکس اور انٹرنیشنل یونین آف پیور اینڈ اپلائیڈ کیمسٹری کریں گے۔یہ چاروں عناصر مصنوعی ہیں اور انھیں تجربہ گاہ میں دو چھوٹے ایٹمی مراکز کو مدغم کر کے تیار کیا گیا ہے۔قدرتی عناصر کی تعداد 92 ہے اور یورینیم سے بھاری کوئی بھی عنصر زیادہ دیر تک قدرتی حالت میں نہیں رہ سکتا اور فوراً دوسرے عناصر میں تبدیل ہو جاتا ہے۔تاہم اس کے باوجود بھاری عناصر کے مطالعے سے سائنس دانوں کو ایٹم کے مرکز اور اس کی خصوصیات کا مطالعہ کرنے کا موقع ملتا ہے۔نِہونیم: یہ عنصر جاپان میں دریافت کیا گیا تھا اس لیے اس کا نام جاپان کے جاپانی نام پر رکھا گیا ہے۔ماسکوویم: یہ ماسکو کے نام پر رکھا گیا ہے کیوں کہ اسے وہاں دریافت کیا گیا تھا۔
ٹینیسین: امریکی ریاست ٹینیسی کے نام پر رکھا گیا۔اوگانیسن: ایٹمی ماہرِ طبیعیات یوری اوگانیسین کے نام پر رکھا گیا جنھوں نے نئے عناصر کی تلاش میں اہم کردار ادا کیا تھا۔


Share: